#اسباب_عزّ_و_شرف
🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:
🔴 یَاكُمَيْلُ! اَحْسَنُ حِلْيَةِ الْمُؤْمِنُ التَّواضُعُ، وَ جَمالُهُ التَّعَفُّفُ، وَ شَرَفُهُ التَّفَقُّهُ، وَ عِزُّهُ تَرْكُ الْقالِ وَ الْقيلِ۔
🔵 اے کمیل!
مومن کا بہترین زیور تواضع ہے،
اور اس کی خوبصورتی عفّت و پاکدامنی ہے،
اور اس کا شرف تفقّہ اور آگہی ہے،
اور اس کی عزّت قیل و قال اور بیہودہ گفتگو کا ترک کرنا ہے!۔
📚 تحف العقول، ص172، وصيته ع لكميل بن زياد مختصرة.....
▫️▫️▫️▫️▫️
✍🏼 حضرت امیر المومنین علیہ السلام اس روایت میں چار اہم اور اثر انگیز باتوں کی جانب اشارہ فرماتے ہیں، اور درحقیقت حضرت امیر المومنین علیہ السلام ان چار جملوں کو نئے معنی دیتے ہیں اور بعض کلمات کو نیا مفہوم عطا کرتے ہیں، ہم اختصار کی غرض سے فقط پہلے جملہ کی مختصر وضاحت کریں گے:
▫️پہلا جملہ: "مومن کا بہترین زیور تواضع ہے"؛ امام علیہ السلام نے مذکورہ جملے میں زینت کو ایک نئے مفہوم میں پیش کیا ہے، اور اسے مادّی معنی سے نکال کر معنوی اور روحانی معنی عطا کیا ہے۔ زینتِ مومن کے عنوان سے تواضع کے بارے میں قرآن و احادیث میں کافی بیان ہوا ہے؛ جیسا کہ سورۂ لقمان آیت 18 میں ہیں "وَ لَا تَمْشِ فىِ الْأَرْضِ مَرَحًا" اور زمین میں اکڑ کر نہ چلنا۔ یہاں پر کیا «مشى» سے مراد عام «چلنا پھرنا» ہے جو تواضع کے مصادیق میں سے ہے، یا «مشى» کا معنی اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے اور سماجی، سیاسی اور ثقافتی طور طریقوں اور پالیسیوں نیز چھوٹے بڑے اقدامات پر مشتمل ہے؟ بعید نہیں کہ یہاں پر دوسرا معنی مراد ہو۔
▪️حضرت امام علی علیہ السلام کی ایک دوسری روایت میں پڑھتے ہیں: « ثَمَرَةُ التَّواضُعِ اَلْمَحَبَّةُ وَ ثَمَرَةُ الْكِبْرِ اَلْمَسَبَّةُ؛ تواضع کا نتیجہ اور ثمرہ محبّت، دوستی اور جلبِ قلوب ہے؛ اور تکبّر خود پرستی کا نتیجہ کینہ، عداوت اور دشمن تیار کرنا ہے»۔
📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص249، ح5179، بعض آثار التواضع؛ ص310، ح7159، آثار التكبر.....
▫️خود پرستی کو ترک کرنے کے معنی میں تواضع، تمام لوگوں خاص کر اہل علم طبقہ اور معاشرہ کے مثالی اور ممتاز لوگوں کے لئے بہت اہم ہے۔ تواضع کی علامتوں میں سے ایک پہلے سلام کرنا ہے؛ بعض روایات کے مطابق پیغبر اکرم صلّی اللہ علیہ و آلہ ہمیشہ پہلے سلام کیا کرتے تھے [منتهى الآمال، ج۱، ص54] اور اس طریقے سے لوگوں کے قلوب کو اپنی طرف جذب کیا کرتے تھے۔ کیوں جس چیز میں خرچ کم فائدہ زیادہ ہے ہم اس سے استفادہ نہیں کرتے ہیں؟!
🔸تواضع کے اقسام
تواضع کی تین قسمیں ہیں: 1ـ خدا کے سامنے تواضع، 2ـ خلق خدا کے سامنے تواضع، 3ـ حق کے سامنے تواضع۔
▪️خدا کے سامنے تواضع کا مطلب واضح ہے، جس طرح خلق خدا کے سامنے تواضع بھی واضح ہے؛ اور یہ کہ «خلق خدا» سے مراد مومنین ہیں اسکے بیان کی ضرورت نہیں، کیونکہ کفّار اور دشمنان دین کے سامنے تواضع کرنے کا کوئی مطلب نہیں، بلکہ ان کے سامنے عزیز اور سربلند رہنا چاہئے۔
▫️لیکن حق کے مقابل تواضع کے میدان میں پہلی اور دوسری قسم کے تواضع والے بہت سے افراد بھی لغزش کا شکار ہوجاتے ہیں! ہمارے اندر اپنی غلطی کے اعتراف کی جرأت ہونی چاہئے اور ہمیشہ حق کے سامنے سر تسلیم خم رہنا چاہئے، اگرچہ ناگوار گزرے اور سن و سال، تعلیم، سماجی حیثیت اور رشتہ کے لحاظ سے سامنے والا ہم سے چھوٹا ہو۔
📚 110سرمشق از سخنان حضرت علی علیہ االسلام ، حضرت آیۃ اللہ مکارم شیرازی دام ظلہ، ص61