علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

منگل، 9 مارچ، 2021

شہادت حضرت امام کاظم علیہ السلام

 



شہادت حضرت امام کاظم علیہ السلام

⚫️سلسلہ امامت کی ساتویں کڑی حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام، آپ ع کے القاب: کاظم، صالح، عبد صالح، صابر، امین۔۔۔آپ کی شان والا صفات کا اظہار بھی کررہے ہیں اور آپ ع کے زمانے کے سخت حالات کی ترجمانی بھی۔

 

▪️ایسی شخصیت جن کی مدح و ستائش قصیدہ ہر خاص و عام کی زباں پر رہا  اور الفت مسلمانوں کے قلوب کو منّور بناتی رہی ہے؛ جیسا کہ ابن طلحہ کہتے ہیں: ️هوَ الْإِمَامُ الْكَبِيرُ الْقَدْرِ الْعَظِيمُ الشَّأْنِ الْكَثِيرُ التَّهَجُّدِ الْجَادُّ فِي الِاجْتِهَادِ وَ الْمَشْهُودُ لَهُ بِالْكَرَامَاتِ الْمَشْهُورُ بِالْعِبَادَةِ الْمُوَاظِبُ عَلَى الطَّاعَاتِ يَبِيتُ اللَّيْلَ سَاجِداً وَ قَائِماً وَ يَقْطَعُ النَّهَارَ مُتَصَدِّقاً وَ صَائِماً وَ لِفَرْطِ حِلْمِهِ وَ تَجَاوُزِهِ عَنِ الْمُعْتَدِينَ عَلَيْهِ دُعِيَ كَاظِماً كَانَ يُجَازِي الْمُسِي‏ءَ بِإِحْسَانِهِ إِلَيْهِ وَ يُقَابِلُ الْجَانِيَ عَلَيْهِ بِعَفْوِهِ عَنْهُ وَ لِكَثْرَةِ عِبَادَاتِهِ كَانَ يُسَمَّى بِالْعَبْدِ الصَّالِحِ وَ يُعْرَفُ فِي الْعِرَاقِ بِبَابِ الْحَوَائِجِ إِلَى اللَّهِ لِنُجْحِ الْمُتَوَسِّلِينَ إِلَى اللَّهِ تَعَالَى بِهِ كَرَامَاتُهُ تَحَارُ مِنْهَا الْعُقُول‏ ...

 

امام کاظم علیہ السلام عظیم القدر امام، بہت زیادہ عبادت انجام دینے والے، جھاد و اجتہاد میں محنت سے کام لینے والے تھے، جن کی کرامات مشہود، جو عبادات میں معروف تھے، اطاعت خدا کے پابند، جن کی راتیں قیام و سجود میں بسر ہوتیں، اور دن روزہ کے عالم میں اور صدقہ دینے میں کٹتے، اپنے بے انتہا حلم و بخشش سے جفا کرنے والوں کو بخش دیتے تھے، لہذا کاظم کے لقب سے یاد کیا گیا؛ برا  سلوک کرنے والوں کو نیکی اور احسان سے جزا دیتے، خود پر ظلم کرنے والوں کا مقابلہ عفو و بخشش سے کرتے؛ کثرت عبادت کی بنا پر عبد صالح کہا گیا، اور عراقیوں میں باب الحوائج الی اللہ کے نام سے معروف تھے۔ کیونکہ جو بھی ان کے وسیلے سے خدا کی بارگاہ میں پہونچتا کامیاب ہوتا تھا، ان کی کرامات پر عقلیں حیران ہیں۔۔۔[مطالب السؤول في مناقب آل الرسول (ع)، ص 447 ، تحقيق ماجد ابن أحمد العطية]

 

علامہ یافعی یمنی شافعی کہتے ہیں:  ابوالحسن موسی کاظم بن جعفر صادق صالح، عابد، جواد، بردبار اور صاحب منزلت تھے، امامیہ عقائد کے  مطابق بارہ معصوم اماموں میں سے تھے، وہ اپنی عبادتوں اور کوششوں کی بنا پر عبد صالح کے نام سے معروف تھے۔ [مرآة الجنان وعبرة اليقظان ، ج 1 ، ص305 ، دار الكتب العلمية]

 

ابن حجر ہیثمی لکھتے ہیں: موسی کاظم بارہ اماموں میں سے ہیں۔ وہ علم، معرفت، کمال و فضل میں اپنے والد کے وارث تھے، چونکہ بہت زیادہ بخشنے والے تھے "کاظم" کہلائے، وہ اپنے زمانے میں سب سے زیادہ عبادت  کرنے والے، سخی اور سب سے بڑھ کر علم والے تھے۔ [الصواعق المحرقة - إبن حجر ،مؤسسة الرسالة ، ج2، ص590]

 

اگرچہ ظاہری خلافت  پر دوسروں کا قبضہ تھا لیکن دلوں پر سے منصب امامت کو غصب کرنے میں کسی کی مجال کہاں؛  چنانچہ: ایک دن امام علیہ السلام خانہ کعبہ کے پاس تشریف فرماتھے، ہارون کی نظر پڑی ،کہتا ہے: تم وہی ہو جسکی بیعت لوگ چھپ کر کیا کرتے ہیں؟ امام نے فرمایا: أنا إمام القلوب وأنت إمام الجسوم؛  میں قلوب کا امام ہوں اور تم جسموں کےامام ہو۔ [الصواعق المحرقة - إبن حجر،مؤسسة الرسالة ، ج2، ص592]

 

ایسا امام جو کل بھی مرجع ہر خاص و عام تھا اور آج بھی مرجع خلائق  اور سب کے لئے باب الحوائج ہے: جیسا کہ امام شافعی کہتے ہیں: قبر موسی کاظم علیہ السلام دعا کی اجابت اور مشکلوں کے حل کے لئے دوائے شفابخش ہے۔ [حياة الحيوان الكبرى، الدميري، دار الكتب العلمية،  ج1، ص 189]

 

ابو علی خلال لکھتے ہیں: جب بھی مجھے کوئی اہم کام پیش آتا تو بارگاہ موسی بن جعفر میں حاضر ہوتا اور ان سے توسل کرتا تھا جو چاہتا تھا خدا ئے تعالی ہم پر آسان فرما دیتا تھا۔ [تاريخ بغداد، دار الكتب العلمية – بيروت ، ج 1 ص 1۳۳]

 

۔۔۔۔۔۔۔ہاں وہی باب الحوائج جنہیں کبھی مہدی عباسی کے زمانے میں اس کے حکم سے زندان کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔۔۔ تو کبھی ہارون الرشید کے زمانے میں اس کے حکم سے بصرہ کے زندان میں بھیجا گیا [الصواعق المحرقة ، مؤسسة الرسالة ، ج2، ص591]

 

جب وہاں کا گورنر عیسی بن جعفر آپ ع کی عبادت و جلالت سے مرعوب ہوجاتا ہے تو ہارون بصرہ سے قید کراکے بغداد لے آتا ہے اور  فضل بن ربیع کی قید میں دے دیتا ہے۔۔۔۔ اسکے بعد فضل بن یحییٰ، پھرسندی بن شاہک جیسا قسی القلب.... ایک زندان سے دوسرے، دوسرے سے تیسرے زندان میں  منتقل کیا جاتا رہا۔۔۔۔۔

 

🔳اور آخرکار سندی بن شاہک ملعون کے زندان میں شہید کردیا گیا۔🔳

 

▪️السَّلَامُ الْمُعَذَّبِ فِي‏ قَعْرِ السُّجُونِ‏ وَ ظُلَمِ الْمَطَامِيرِ ذِي السَّاقِ الْمَرْضُوض‏▪️

 

🏴سلام و درود ہو اس امام مظلوم پر جو تاریک قیدخانوں میں گرفتار رہا اور زخمی پیروں کے ساتھ اس جہان سےگیا۔

25/ رجب المرجب 183ھ باب الحوائج حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت پر مومنین کی خدمت میں تعزیت

پیش کرتے ہیں 

https://t.me/klmnoor

 

https://www.facebook.com/klmnoor