علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

بدھ، 17 مارچ، 2021

اظہار برائت

 


#اظہار_برائت

 

 بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

 

قال اللہ عزّوجلّ:

وَ إِنَّهُ لَكِتَابٌ عَزِيزٌ،لَّا يَأْتِيهِ الْبَاطِلُ مِن بَينْ‏ِ يَدَيْهِ وَ لَا مِنْ خَلْفِهِ  تَنزِيلٌ مِّنْ حَكِيمٍ حَمِيدٍ

 

اور یہ ایک ناقابل شکست و محترم کتاب ہے   ، باطل نہ اسکے سامنے سے  اس میں رخنہ ڈال سکتا ہے اور نہ  اس کے پیچھے اور بعدمیں (تاقیامت)  کہ یہ خدائے حکیم و حمید کی نازل کی ہوئی کتاب ہے۔  [فصلت،آیت ۴۱و۴۲]

 

و قال امیرالمومنین علیہ الصلوٰۃ و السلام:

وَ كِتَابُ اللَّهِ بَيْنَ أَظْهُرِكُمْ نَاطِقٌ لَا يَعْيَا لِسَانُهُ وَ بَيْتٌ لَا تُهْدَمُ أَرْكَانُهُ وَ عِزٌّ لَا تُهْزَمُ أَعْوَانُه 

کتاب خدا تمہارے سامنے ہے۔یہ وہ ناطق ہے جس کی زبان عاجز نہیں ہوتی ہے اور یہ وہ گھر ہے جس کے ارکان منہدم نہیں ہوتے ہیں۔اور ایسی عزت ہے جس کے اعوان و انصار شکست سے دوچارنہیں ہوتے ہیں۔ ‏ [نهج البلاغة (للصبحي صالح)، ص 191، خ۱۳۳،  القرآن]

 

قرآن مجید  ہی  وہ  واحد مسلم الثبوت کتاب ہے جس کے حرف حرف پر امّت مسلمہ کے ہر فرقے کی ہر فرد کا ایمان و اعتقاد ہے،  اور اس میں شک کی گنجائش کا تصوّر بھی محال ہے کیونکہ اس کی حفاظت کی ضمانت خود اس کے بھیجنے والے نے لے رکھی  ہے؛   حافظان قرآن نے اسے اپنے سینوں میں محفوظ فرمایا، کاتبان وحی نے اسے قلمبند کیا، حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے اسی قرآن کو نافذ کیا، ائمۂ معصومین علیہم السلام نے اسی قرآن سے استدلا ل فرمایا ہے۔ لیکن ساتھ ساتھ کچھ  شیطان صفت لوگ بھی دنیا میں  آتے رہے ہیں جنہوں نے اپنے باطل خیالات کو اللہ و رسول  اللہ سے بالاتر سمجھ لیا اور قرآن مجید پر حرف لگانے کی کوشش کی اور خود کو دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا کیا ہے۔

 

حالیہ دنوں میں جب باطل طاقتوں نے امّت مسلمہ کے درمیان اختلافات کی آگ بھڑکانے کو لیکر ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہے اور اپنے مختلف مہروں کو استعمال کر کے امّت مسلمہ کے درمیان پھوٹ ڈالنے کے درپے ہیں تو کچھ مہرے خود بخود باطل کے ارادوں کی تکمیل کے لئیے اس قدر آگے بڑھ گئے کہ اہل باطل خود انکی حماقتوں پر خندہ زن ہیں ۔اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہندوستانی عدالت  میں قرآن کے خلاف داخل کی گئی وہ عرضی ہےجس میں ایک نا عاقبت اندیش نے ایک دو نہیں چھبیس آیتوں پر شک ہی نہیں بلکہ انہیں جھوٹا  قرار دینے کے لئے عدالت عظمیٰ میں پورے یقین کے ساتھ پی آئی ایل بھی داخل کردی،   بجائے اسکے کہ وہ علماء ، فقہاء، دانشوران قرآن کے سامنے زانوئے ادب تہ کرتا اور حقائق کی جستجو میں ہوتا ،  سیدھا اس شخص نے قرآن کی صداقت کو نشانہ بنایا،  نہ  قرآن کو سمجھے کی کوشش کی نہ اقوال معصومین علیہم السلام  کو دیکھا اپنے آقاوں کے اشارے پر سیدھا قرآن مجیدکو ہی چیلنچ کردیا جو اس شخص کی خود شیفتگی اور جہل مرکّب کا منھ بولتا ثبوت  ہے۔

 

ہم اس بہروپیے کی اس نازیبا حرکت کی مذمت کرتے ہوئے مکمل طور  سے برائت کا اعلان کرتے ہیں ، اور ہر صاحب فہم، ذی شعور برادرایمانی و اسلامی سے اس سے لاتعلقی، دوری  اور ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔ والسلام

 

 

https://t.me/klmnoor

 

https://www.facebook.com/klmnoor