علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

منگل، 22 اگست، 2023

حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ محمد حسین نجفی اعلی اللہ مقامہ


 

حضرت امام صادق علیہ السلام:


⚪️ وَ إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا يَسُدُّهَا شَيْ‏ءٌ إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ.

⚪️ اور جب ایک عالِمِ دین دنیا سے جاتا ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پیدا ہوتا ہے جسے تا قیامت کوئی چیز پُر نہیں کر سکتی۔


📚 المحاسن، ج۱، ص۲۳۳، باب۱۹، ح۱۸۵،  باب حق العالم


إِنَّا لِلَّهِ وَ إِنَّا إِلَيْهِ راجِعُونَ‏


ایک چراغ اور بجھا اور بڑھی تاریکی۔


افسوس کہ تاریخ کی عہد ساز شخصیت جو افقِ برّصغیر سے علم و عمل، فقہ و فقاہت کا آفتاب عالمتاب بن کر سارے عالم میں روشنی بکھیر رہی تھی، وہ اپنی ۹۱ سال کی عمر میں رحلت فرماگئی۔  

  

حضرت آیت اللہ العظمی محمد حسین نجفی کی رحلت عالم اسلام بالخصوص شیعیانِ پاکستان کے لئے ایک بڑا خسارہ اور ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ 


مفسر قرآن، متکلم زمان، مصلح امت، فقیہ اہل بیت علیہم السلام حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ محمد حسین نجفی کی ولادت سنہ ۱۹۳۲ء میں پاکستان کے صوبہ پنجاب ضلع سرگودھا کے موضع جہانیاں شاہ کے ایک علمی اور دینی گھرانے میں ہوئی۔


آپ  نے ابتدائی تعلیم مدرسہ محمدیہ جلالپور ننکیانہ میں حاصل کی، سنہ ۱۹۵۴ء میں مزید تعلیم کے لئے نجف اشرف تشریف لے گئے، اور آیت اللہ محسن الحکیم، آیت اللہ سید جواد تبریزی، آیت اللہ آقا بزرگ تہرانی، آیت اللہ سید محمود شاہرودی، آیت اللہ میرزا باقر زنجانی جیسے گرانقدر اساتیذ سے کسب فیض کیا۔


اور سنہ 1960ء میں اجازۂ اجتہاد کے ساتھ پاکستان واپس تشریف لائے، اور مدرسہ محمدیہ میں تدریس اور  مدیریت کے فرائض  کے ساتھ نئے عہد کا آغاز کیا، اور طالب علوم دینیہ کو علوم آل محمد علیہم السلام سے سیراب کیا۔


دینی تعلیم کی ضرورت کے پیش نظر جامعۂ علمیہ سلطان المدارس الاسلامیہ اور جامعہ علمیہ عقیلہ بنی ہاشم کی بنیاد  رکھی۔ تدریس و تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی تقاریر کے ذریعہ اصلاح امت کا بیڑا اٹھایا، تو ازالۂ شبہات اور اثبات حق میں اپنے رشحات قلم سے ایک عظیم میراث قوم کے سپرد کی جس میں سے بعض کے اسماء مندرجہ ذیل ہیں: 


فیضان الرحمن فی تفسیر القرآ ن (دس جلد)

مسائل الشریعہ (اردو ترجمہ وسائل الشیعہ )

کواکب مضیئہ (اردو ترجمہ الجواہر السنیہ فی احادیث القدسیہ)

احسن الفوائد فی شرح العقائد (اردو شرح اعتقاداتِ شیخ صدوق)

اصول الشریعہ فی عقائد الشیعہ

اعتقادات امامیہ (اردو ترجمہ و شرح رسالۂ لیلیہ  علامۂ مجلسی)

قوانین الشریعہ فی فقہ الجعفریہ (2 جلد) (توضیح المسائل مفصل)

خلاصۃ الاحکام (توضیح المسائل مختصر)

اسلام اور حرمت غنا

اسلام اور حرمت ریش تراشی

اسلام اور وجوب نماز جمعہ

عقد الجمعان (اردو ترجمہ مفاتیح الجنان)

زاد العباد لیوم المعاد

سعادت الدارین فی مقتل الحسین (ع)

فیض الرحمن (اردو ترجمہ لؤلؤ و المرجان)

 حالات شہدائے خمسہ

 اثبات الامامۃ

تحقیقات الفریقین فی حدیث الثقلین

تجلیات صداقت فی جواب آفتاب ہدایت

تنزیہ الامامیہ فی جواب مذہب شیعہ

تنزیہ الامامیہ فی جواب مذہب شیعہ و تحفۂ حسینیہ

ختم نبوت بر ختمی مرتبت (ص)

آداب المفید و المستفید (اردو ترجمۂ منیۃ المرید)

اصلاح المجالس و المحافل

اصلاح الرسوم الظاہرہ بکلام العترت الطاہرہ


حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ کی شخصیت  سے مزید آشنائی کے لئے آپ کے دفتر کی رسمی ویب سائٹ کی طرف رجوع کیا جا سکتا ہے، نیز آپ کی سوانح حیات اور علمی کارناموں پر دو کتابیں بھی تالیف کی گئی ہیں جن کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے:

 ۱۔ مرد علم، میدان عمل میں؛ مؤلف: حجۃ الاسلام مولانا طاہر عباس اعوان صاحب،

 ۲۔ سرکار آیت اللہ النجفی کی عہد ساز شخصیت اور تاریخ ساز کارنامے؛ مؤلف: خطیب اہل بیت ڈاکٹر ملک افتخار حسین اعوان صاحب۔


ہم اس انتقال پر ملال پر جملہ مومنین، متعلقین، علمائے کرام و مراجع عظام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔



https://t.me/klmnoor


https://www.facebook.com/klmnoor