علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

بدھ، 25 اگست، 2021

لوگوں کے سلسلہ میں گناہ پر خوف اور خود کے گناہ پر اطمینان

 



#گناہ_کا_خوف


حضرت امام حسین علیہ السلام کی ایک نصیحت:


◾️ایّاکَ اَن تَکونَ مِمَّن یَخافُ عَلَی العِبادِ مِن ذُنوبِهِم وَ یَأمَنُ العُقُوبَةَ مِن ذَنبِهِ


◾️خبردار ایسے لوگوں میں سے نہ ہو جانا  جو بندگان خدا کے  سلسلہ میں ان کے گناہوں پر خوف رکھتے ہیں لیکن اپنے گناہوں پر خود کو سزا سے محفوظ سمجھتے ہیں۔


📚تحف العقول ، ص 240، موعظة؛  الكافي (ط - الإسلامية)، ج‏8، ص 49۔



✍🏻اس میں شک نہیں کہ گناہ انسان کے نامۂ اعمال کو سیاہ کر دیتا ہے اور اس سلسلہ میں خدا کو جواب دینا بہت دشوار ہے، لہذا گناہوں سے ڈرتے رہنا چاہئے، وہ گناہ خود کے ہوں یا دوسروں کے۔


← لیکن حضرت امام حسین(ع) نے اپنے کلام میں متوجہ فرمایا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو جب کوئی گناہ کرے تو ہم اس کے گناہ کی بنا پر اس کی آخرت کے سلسلہ میں تو فکرمند رہیں لیکن جب خود گناہ کریں کوئی فکر نہ ہو، گویا خدا نے ہمیں ضمانت دے رکھی ہے  لیکن دوسروں سے سخت حساب لے گا، یہ بہت بڑی  بھول اور غفلت ہے۔


اگر حساب و کتاب ہے تو سب کے لئے ہے ، اور اگر آسودگی اور بخشش ہے وہ بھی سب کے لئے ہے۔  ایسا نہیں ہے بعض کے لئے امن کی دیوار کھینچ دی گئی ہو اور وہ اپنے کو خدا کا مقرّب سمجھتے رہیں اور گناہوں کے نیچے دبے ہونے کے باوجود انہیں  کوئی خوف نہ ہو۔


عام طور سے ایسا ہو جاتا ہے کہ ہم دوسروں کے سلسلہ میں بہت باتیں کرتے ہیں۔ کیوں معاشرہ تباہ ہو رہا ہے ؟ کیوں وہ شخص گناہ کرتا ہے؟ آخرت میں اس کا کیا ہوگا، لیکن اپنے گناہ پر توجہ نہیں دیتے کہ ہم کہاں پر ہیں؟ ہم نے کیا کیا ہے؟ اور ہمارا کیا ہوگا؟


▫️دنیا کے سلسلہ میں خود سے زیادہ دوسروں کی فکر ہونا چاہئے لیکن آخرت کے سلسلہ میں دوسروں سے زیادہ اپنی فکر▫️


خدا ہمیں نیک عمل کی توفیق عطا فرمائے۔



https://t.me/klmnoor



https://www.facebook.com/klmnoor