🔘 ۸ ربيع الاول
#شہادت_امام_حسن_عسکری_علیه_السلام (۲۶۰ھ ق)
▪️ ۱۰/ ربیع الثانی ۲۳۲ھ میں سلسلہ امامت کا گیارہواں وارث پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اس دار دنیا میں تشریف فرما ہوا اور مدینہ کی سرزمیں نور جمال امامت سے منور ہوگئی۔
▪️اسم گرامی حسن قرار پایا اور القاب زکی، عسکری اور ابن الرضا قرار پائے، کنیت ابومحمد تھی، اور مادر گرامی کا نام حدیثہ یا سلیل تھا۔ جن کے بارے میں امام علی نقی (ع) نے فرمایا کہ وہ جملہ عیوب و نقائص سے مبرا اور پاک و پاکیزہ خاتون ہیں۔
▪️لقب عسکری کی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ آپ کے محلہ کا نام عسکر تھا جہاں سامرہ میں آپ کا قیام تھا، اور شاید اسے عسکر اسی بنا پر کہا جاتا تھا کہ وہاں باشاہ وقت نے فوجی چھاؤنی بنا رکھی تھی، یا اس مقام پر متوکل نے اپنی فوجوں کی نمائش کی تھی جس کے ذریعہ امام علی نقی (ع) کو مرعوب کرنا چاہا تھا لیکن جب آپ نے آسمانی فوجوں کا مشاہدہ کرادیا تو وہ بیہوش ہوکر گرپڑا۔
📚علامہ جوادی، نقوش عصمت، ص۵۹۴۔
▪️جب معتمد عباسی کو لگا کہ لوگ امام کو دل سے چاہتے ہیں اور آپ(ع) کو زندان میں رکھنے سے آپ(ع) کی محبت کو دلوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا، تو اپنی حکومت پر خطرہ منڈراتا ہوا محسوس کرنے لگا، لہذا کوشش کی نور امامت کو بجھادیا جائے یہاں تک کہ آپ(ع) کو مسموم کردیا، اور لوگوں کو خاموش رکھنے اور آپ کے شیعوں اور چاہنے والوں کے ذہنوں کو اصل ماجرا سے بھٹکانے کی غرض سے ایک چال چلی اور طبیبوں کا ایک گروہ آپ کے دولتکدہ کی طرف روانہ کردیا اور خود بھی عیادت کے لئے آتا جاتا رہا، لیکن زہر نے اپنا اثر دکھانا شروع کیا اور ۸ دن تک بستر بیماری پر رہنے کے بعد امام عسکری (ع) نے ۸/ربیع الاول ۲۶۰ ہجری کو جام شہادت نوش فرمالیا۔
▪️تاریخ کے جملے
جس وقت امام عسکری علیہ السلام کی بیماری مشہور ہوگئی، اور خلیفہ "معتمد" کے کانوں تک پہونچی، حکم دیا: حکومت کا وزیر "عبید اللہ خاقان" اپنے ساتھیوں کے ساتھ امام کے گھر کی طرف جائے اور امام کو تحت نظر رکھے؛ اس کے علاوہ چند طبیبوں کو حکم دیا کہ امام(ع) کے حالات کی مسلسل خبر دیتے رہیں، اور پوری طرح سے گھر کے حالات پر نظر رکھیں، ابھی دو دن نہیں ہوئے تھے کہ خبر عام ہوگئی کہ امام کی حالت مزید خراب ہورہی ہے، ڈاکٹروں کو حکم ہوا کوئی امام کے گھر کو کوئی نہیں چھوڑے گا اور شہر کے قاضی القضاۃ سے کہا گیا کہ دس قاضیوں کے ساتھ امام عسکری(ع) کے گھر جائیں اور شب و روز وہیں پر رہیں۔ جب امام کی شہادت ہوئی شہر سامرا غم میں ڈوب گیا، بازار بند ہو گئے اور تمام لوگوں نے امام کا سوگ منایا، نماز جنازہ کے لئے عیسی بن متوکل کھڑا ہوا اس نے چہرے سے کفن ہٹایا اور بنی ہاشم کو دکھایا تاکہ مطمئن کرسکے کہ امام کی وفات معمولی طور ہوئی ہے۔۔۔
▪️اکثر مورخوں کی تحریر سے واضح ہوجاتا ہے کہ امام(ع) کو حکومت کے کارندوں نے ہی زہر دیا ہے اور لوگ بھی اس کی طرف متوجہ تھے اسی بات نے حکومت کو سخت تشویش میں مبتلا کر رکھا تھا اسی لئے اسے ذہنوں کو موڑنے کے لئے مختلف طرح کے انتظامات پر مجبور کردیا۔
📚زندگانی امام حسن عسکری ( علیه السلام ) - باقر شریف قرشی
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى الْحَسَنِ بْنِ عَلِيِّ بْنِ مُحَمَّدٍ الْبَرِّ التَّقِيِّ الصَّادِقِ الْوَفِيِّ النُّورِ الْمُضِي ءِ خَازِنِ عِلْمِكَ وَ الْمُذَكِّرِ بِتَوْحِيدِكَ وَ وَلِيِّ أَمْرِكَ وَ خَلَفِ أَئِمَّةِ الدِّينِ الْهُدَاةِ الرَّاشِدِينَ وَ الْحُجَّةِ عَلَى أَهْلِ الدُّنْيَا فَصَلِّ عَلَيْهِ يَا رَبِّ أَفْضَلَ مَا صَلَّيْتَ عَلَى أَحَدٍ مِنْ أَصْفِيَائِكَ وَ حُجَجِكَ وَ أَوْلادِ رُسُلِكَ يَا إِلَهَ الْعَالَمِينَ