علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

پیر، 19 اکتوبر، 2020

#آہ_سبط_رسول_الثقلین_ص

 


#آہ_سبط_رسول_الثقلین_ص


◼️۲۸/صفر◼️


ایک بار نہیں۔۔۔۔ بارہا [شرح نهج البلاغة لابن أبي الحديد، ج‏16، ص10] بلکہ ستّر مرتبہ  زہر سے شہید کرنے کی کوشش کی گئی۔ [دلائل الإمامة، ص160] تاکہ ملوکیت اور موروثی حکومت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دور ہوجائے اور صلح کی شرطوں کا اثر نہ پڑنے پائے۔۔۔۔ 


لیکن وہ زہر کارگر نہ ہوسکا، آخرالامر حکومت شام نے  اس ناپاک سازش کے لئے مروان کے ذریعہ جعدہ بنت اشعث کا انتخاب کیا اور اسے یزید کے ساتھ شادی نیز ایک لاکھ درہم انعام کی لالچ دیکر امام حسن علیہ السلام کو شہید کرنے پر تیار کرلیا۔ [شرح نهج البلاغة لابن أبي الحديد، ج‏16، ص11]


امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: جعدہ نے زہر لیا، گرمی کے دن تھے، امام مجتبی علیہ السلام روزہ سے تھے، افطار کا وقت ہوا، چاہا کہ تھوڑا دودھ نوش کرلیں، ملعونہ نے جام زہر تیار کر رکھا تھا، پیش کردیا۔۔۔ نوش کرنے کے چند ہی لمحوں بعد ہی آثار نمایاں ہونے لگے، آواز دی: يَا عَدُوَّةَ اللَّهِ قَتَلْتِينِي قَتَلَكِ اللَّهُ وَ اللَّهِ لَا تُصِيبِينَ مِنِّي خَلَفاً وَ لَقَدْ غَرَّكِ وَ سَخِرَ مِنْكِ‏۔۔۔۔۔ اے دشمن خدا! تو نے مجھے مار ڈالا، خدا تجھے نابود کرے، خدا کی قسم میرے بعد میرے جیسا تجھے کوئی نہیں ملنے والا، اس نے تجھے دھوکہ دیا ہے اور تیرا مذاق بنایا ہے؛ خدا تجھے اور اسے رسوا کریگا۔۔۔۔[الخرائج و الجرائح، ج‏1، ص242]


امام کی حالت غیر تھی، شدّت کرب سے بیتاب تھے، حیاتِ دنیوی کے آخری ایّام تھے، جنادہ بن ابی امیّہ کہتے ہیں: سامنے رکھے طشت میں خون کی چھینٹیں تھیں، زہر کے اثر سے بدن کے اعضاء ٹکڑے ٹکڑے  ہوکر گررہے تھے۔ عرض کیا: يَا مَوْلَايَ مَا لَكَ لَا تُعَالِجُ نَفْسَكَ فَقَالَ يَا عَبْدَ اللَّهِ بِمَا ذَا أُعَالِجُ الْمَوْتَ میرے آقا!‏ کیوں علاج نہیں کراتے؟ فرمایا: اے عبد اللہ! موت کا علاج کہاں؟ میں نے کہا: إِنَّا لِلَّهِ وَ إِنَّا إِلَيْهِ راجِعُون‏۔ [كفاية الأثر، ص226 ]


مؤرّخین کے قول کے مطابق ۲۸/صفر [بحار الأنوار، ج44، ص135] کا وہ قیامت خیز دن ہوتا ہے جب امام علیہ السلام آخری وصیتیں فرماتے ہیں اور مدینہ سبط اکبرِ پیغمبر صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم سے محروم ہوجاتا ہے؛ عباس بن علی، عبد الرحمن بن جعفر، محمد بن عبداللہ۔۔ غسل و کفن میں امام حسین علیہ السلام کی مدد فرماتے ہیں، مسجد النّبی کے قریں نماز جنازہ ادا ہوئی، تجدیدِ عہد اور دفن کے واسطے مزار رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ کی جانب چلے۔ لیکن مدینہ کا گورنر مروان بن حکم بنی امیہ کے ساتھیوں کے ساتھ آن پہونچا تو دوسری جانب جناب عایشہ بھی خچّر پر سوار ان لوگوں سے مل جاتی ہیں، آواز دیتی ہیں: ٍ تُرِيدُونَ أَنْ تُدْخِلُوا بَيْتِي مَنْ لَا أُحِبّ۔۔۔‏ کیسے ہوسکتا ہے جس کو میں پسند نہیں کرتی اسے ہمارے گھر میں داخل کردو۔۔۔[الكافي، ج‏1، ص300؛ الخرائج و الجرائح، ج‏1، ص242] 


امویوں اور پست فطرت لوگوں نے تیروں کی بارش سے سبط رسول ص کے جنازے کی بے حرمتی کی؛ [مناقب (لابن شهرآشوب)، ج‏4، ص44] لیکن امام حسین علیہ السلام نے بھائی کی وصیت کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بنی ہاشم کو روکا اور صبر سے کام لیا۔


ابن عباس مروان سے مخاطب ہوئے: اگر رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ کے حرم میں دفن کی وصیت کی ہوتی تو تیری کیا اوقات تھی جو مجھے روک سکتا اور جنازے کو حرم رسول اللہ ص میں دفن نہ ہونے دیتا۔ [الإرشاد، ج‏2، ص18]؛ کہتے ہیں: وَا سَوْأَتَاهْ يَوْماً عَلَى بَغْلٍ وَ يَوْماً عَلَى جَمَلٍ۔۔۔۔۔ کتنی بڑی بدبختی ہے کبھی خچّر پر تو کبھی اونٹ پر! نور خدا کو خاموش اور اولیائے خدا سے جنگ کا ارادہ بنا رکھا ہے، واپس جائیں۔۔۔۔  [الإرشاد، ج‏2، ص18] زیارت جامعہ میں امام باقر علیہ السلام فرماتے ہیں: يَا مَوَالِي‏۔۔۔ وَ شَهِيدٍ فَوْقَ الْجِنَازَةِ قَدْ شُكَّتْ أَكْفَانُهُ بِالسِّهَام‏ اے میرے سید و سردار۔۔۔ آپ ان لوگوں میں سے ہیں جن کو محراب عبادت میں سر کو شگافتہ کرکے شہید کیا گیا،  تو کوئی شہید ایسا ہے جس کے کفن کو تیروں سے سوراخ سوراخ بنادیا گیا۔۔۔۔ [المزار الكبير، ص298، زيارة جامعة لسائر الأئمة ص]


وہ المناک دن جب مومنین گریہ کناں تھے، بازار بند تھے، پورا مدینہ ویران تھا، مکہ و مدینہ میں ایک ہفتہ کے لئے عمومی عزا تھی، مرد و خواتین، چھوٹے بڑے، پیر و جواں سبھی اشک بہا رہے تھے۔


بصرہ میں شور و شین تھا، ہر کوئی بے چین تھا؛ ہاں مگر شام میں خوشی سے تکبیر بلند کی جارہی تھی۔ [مناقب (لابن شهرآشوب)، ج‏4، ص43] 


جنازے کو بقیع غرقد کی طرف لے جایا جاتا ہے،  اور جدّہ ماجدہ جناب فاطمہ بنت اسد کی قبر اطہر کے پاس سپرد خاک کیا جاتا ہے۔



https://t.me/klmnoor


https://www.facebook.com/klmnoor