علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

جمعرات، 20 جولائی، 2023

۲/محرم، حضرت امام حسین علیہ السلام کا کربلا میں ورود



 ۲/محرم


۱ -  #حضرت_امام_حسین_علیہ_السلام_کا_کربلا_میں_ورود


مشہور روایات کے مطابق سنہ ۶۱ ھ میں اس دن ہمارے آقا و مولا  حضرت ابا عبداللہ الحسین سیّد الشہداء علیہ السلام اپنے اہل بیت و اصحاب کے ہمراہ کربلائے معلّی تشریف لاتے ہیں۔


[ارشاد، ج۲، ص۸۴؛ مناقب آل ابی طالب، ج۴، ص۱۰۵؛ بحار الانوار، ج۴۴، ص۳۸۲؛ نفس المہموم، ص۲۰۹؛ مثیر الاحزان، ص۳۵؛ جلاء العیون، ص۳۷۹؛ معالی السبطین، ج۱، ص۲۸۵؛ قلائد النحور، ج محرم و صفر، ص۲۴؛ الوقایع و الحوادث، ج۲، ص۸۹؛ تاریخ طبری، ج۴، ص۳۰۹]


یہاں سے امام علیہ السلام کا راہوار آگے نہیں بڑھتا ہے۔


امام علیہ السلام نے سوال کیا:


اس سر زمیں کا نام کیا ہے؟


کہا گیا:


"غاضریہ"


آپ علیہ السلام نے دوسرے ناموں کے بارے میں سوال کیا۔ کہا گیا:


"شاطئ الفرات"۔


فرمایا: کیا اس کا کوئی دوسرا نام بھی ہے؟


کہتے ہیں:


"کربلا" بھی کہا جاتا ہے۔


اس وقت امام علیہ السلام نے آہ سرد بھری اور گریہ کیا اور فرمایا: 


 "اللّهُمَّ إنّی أعُوذُ بِکَ مِن الکَربِ و البَلاء"


واللہ یہی ارض کربلا ہے۔


یہیں پر ہمارے مردوں کو تہ تیغ کیا جائے گا!


یہیں پر ہماری عورتوں اور بچوں کو اسیر بنایا جائے گا!


اور ہماری حرمت کے پردے چاک کئے جائیں گے۔


میرے جوانو! نیچے اتر آؤ کہ یہی ہماری قبروں کی جگہ ہے ... ».


[کلمات الامام الحسین ع، ۳۷۴؛ لھوف، ص۱۳۹؛ الامام الحسین و اصحابہ، ج۱، ص۱۹۹؛ از مدینه تا مدینه، ص۳۲۶؛  فیض العلام، ص۱۴۲]



۲ - #حضرت_امام_حسین_علیہ_السلام_کا_خط_کوفہ_کے_عمائدین_کے_نام


اس دن حضرت امام حسین علیہ السلام نے عمائدین کوفہ کے نام ایک خط لکھا اور اسے قیس بن مسہّر صیداوی کے حوالے کیا تاکہ اسے کوفہ تک پہونچائیں۔


ابن زیاد کے سپاہیوں نے جناب قیس کو راستے میں گرفتار کر لیا، اور جب  انہوں نے خطبہ میں یزید اور ابن زیاد کے خلاف کہنا شروع کیا تو انہیں شہید کر دیا گیا۔


جب جناب قیس کی خبر شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام تک پہونچی، آپ علیہ السلام گریہ کناں ہوئے اور فرمایا: اللَّهُمَّ اجْعَلْ لَنَا وَ لِشِيعَتِنَا عِنْدَكَ مَنْزِلًا كَرِيماً وَ اجْمَعْ بَيْنَنَا وَ بَيْنَهُمْ فِي مُسْتَقَرٍّ مِنْ رَحْمَتِكَ إِنَّكَ عَلى‏ كُلِّ شَيْ‏ءٍ قَدِيرٌ۔


بارِ الٰہا!ہمارے اور ہمارے شیعوں کے لئے اپنے نزدیک عظیم مقام قرار دے اور ہمیں اور ہمارے شیعوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جمع فرما، کہ بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔


[بحار الانوار، ج۴۴، ص۳۸۲؛ نفس المہموم، ص۲۰۷؛ قلائد النحور، ج محرم و صفر، ص۴۱]


📚 تقویم شیعہ، عبد الحسین نیشابوری، انتشارات دلیل ما، ۲/محرم ، ص۱۸


https://t.me/klmnoor


https://www.facebook.com/klmnoor