علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

اتوار، 3 جولائی، 2022

کینہ کا علاج

 



#کینہ_کا_علاج



🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:



🔴 احْصُـــدِ الشَّـــرَّ مِــنْ صَـــدْرِ غَيْـــرِكَ، بِقَلْعِـــهِ مِـــنْ صَـــدْرِكَ.


🔵 شر کو اپنے سینے سے دور کر کے اسے دوسرے کے سینے سے نکال پھینکو۔



📚 نهج البلاغة (للصبحي صالح)، ص۵۰۱، حکمت۱۷۸


▫️▫️▫️▫️▫️

✍🏼 ایسا کثرت سے پیش آتا ہے کہ لوگ حسد، یا بدگمانی، یا اپنے فائدہ کی غرض سے لوگوں کے خلاف برے ارادوں کو اپنے دل میں بسا لیتے ہیں، اسے کیسے باہر نکالا جا سکتا ہے؟


حضرت امام علیہ السلام فرماتے ہیں: خود سے شروع کرو، پہلے اپنے دل میں دیکھو دوسروں کا کینہ تو دل میں نہیں رکھے ہوئے ہو؟ اگر ہے تو اسے ختم کرو، عنقریب دیکھو گے کہ دوسروں کے دل سے بھی تمہارے سلسلہ میں کینہ ختم ہوگیا ہوگا۔


اس بات کی دو دلیلیں ہیں: پہلی یہ کہ جب بھی انسان کسی دوسرے کے سلسلہ میں بری نیّت رکھتا ہے وہ خود بخود اس کے چہرے، گفتگو اور عمل سے ظاہر ہوجاتی ہے، اور یہی بات لوگوں کے اسی جیسے ردّ عمل کا باعث بن جاتی ہے؛ لیکن جب وہ کسی کے چہرے، گفتگو، اعمال کو ہر طرح کی بدگمانیوں سے پاک و صاف دیکھیں، اور خیر خواہی، محبت کی علامتیں اس کے اعمال و کردار سے نمایاں ہوں تو وہ بھی اسی طرح کا ردّ عمل اختیار کریں گے.


لہذا دوسروں کے دلوں سے کینہ، حسد، بدگمانی اور بدنیّتی کو دور کرنے کے لئے پہلے اسے خود اپنے سے شروع کریں، اور یہ نفسیات کے اہم اصولوں میں سے ہے کہ جب تک خود اس پر عمل نہ کریں دوسروں سے کسی طرح کی امید نہ رکھیں۔


دوسرے یہ کہ دلوں کے درمیان ایک خاص قسم کا رابطہ ہوتا ہے، جیسا کہ معروف مثل ہے "دل کو دل سے راہ ہوتی ہے" جو حقیقت میں بھی ہے۔ گویا دل چپکے چپکے آپس میں ملاقات اور باتیں کرتے ہوں، جس وقت کسی کا دل بغض اور کینے سے بھرا ہوا ہو یہ پیغام دوسرے دلوں تک منتقل ہوجاتا ہے اور وہ اس کے مقابلہ پر آجاتے ہیں۔


حضرت امام صادق علیہ السلام سے کسی نے عرض کیا: اگر کوئی مجھ سے کہتا ہے کہ میں تمہیں بہت چاہتا ہوں، میں کیسے سمجھوں کہ وہ سچ کہہ رہا ہے اور مجھ سے الفت رکھتا ہے؟ امام علیہ السلام نے جواب دیا: اِمْتَحِـــنْ قَلْبَـــکَ فَإنْ کُنْـــتَ تَوَدُّهُ فَإنَّــهُ یَـــوَدُّکَ؛ اپنے دل کو دیکھو اگر تم اسے دوست رکھتے ہو تو وہ بھی تمہیں دوست رکھتا ہے۔ [المحاسن، ج۱، ص۲۶۷، ح۳۵۰، باب نوادر في الحب و البغض]


📚 پیام امام امیر المومنین علیہ السلام، آیۃ اللہ العظمی مکارم شیرازی، ج۱۳، ص۴۱۳، سے ماخوذ




https://t.me/klmnoor


https://www.facebook.com/klmnoor