علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

اتوار، 10 جنوری، 2021

غصّہ

 
غضب
 
▪️بدترین ہمراہ▪️

 

 

🌷🌷حضرت امیرالمومنین علیہ السلام:

🔴 بئسَ القَرینُ الغَضَبُ:یبدِى المَعائِب وَ یدنِى الشَّرَّ وَ یباعِدُ الخَیرَ؛

🔵 غصہ، کتنا برا ساتھی ہے:

◀️ عیوب کو آشکار کر دیتا ہے،

◀️ برائیوں کو قریب لے آتا ہے،

◀️ اور اچھائیوں کو دور کر دیتا ہے۔

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص302،  آثار أخرى للغضب

 

غصّہ عیبوں کو آشکار کر دیتا ہے: کیونکہ جس پر غصّے کا غلبہ ہو وہ ہرزہ سرائی کرتا ہے، گالیاں بکتا ہے اور طرح طرح کی بیہودگیاں اس سے نکل کے آتی ہیں۔

اور اسی طرح غصّہ برائی کو قریب لے آتا ہے: کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جس پر غصّے کا غلبہ ہو وہ حد سے زیادہ آزار و اذیت انجام دے جاتا ہے بلکہ کہیں کہیں ناحق لوگوں کے جان و مال کی بربادی کا سبب قرار پاتا ہے؛

اور اسی طرح غصّہ  نیکیوں سے دور کر دیتا ہے: ظاہر ہے غصّہ حلم، بردباری، صبر و تحمّل، نرمی اور اس طرح کی بہت ساری اچھی صفات سے دور کر دیتا ہے۔

 

📚 شرح آقا جمال خوانسارى بر غرر الحكم و درر الكلم، ج‏3، ص258

غضب
 
▪️ایمان کا دشمن▪️ 


🌷🌷حضرت رسول اکرم صلّی اللّہ علیہ آلہ و سلّم:

🔴 الْغَضَبُ يُفْسِدُ الْإِيمَانَ، كمَا يُفْسِدُ الْخَلُّ الْعَسَل‏

🔵 غصہ ایمان کو ایسے ہی خراب کردیتا ہے, جس طرح سرکہ شہد کو خراب کردیتا ہے۔

 

📚 الکافي (ط - دار الحديث)،ج‏3، ص738، 121 - باب الغضب۔

 

  غصّہ گرمی میں افراط یہ ہے کہ  غصّہ اور قوّۂ غضبیہ انسان پر ایسے حاوی ہوجائے کہ عقل اور دین کے قابو اور اختیار  سے باہر نکل جائے؛

اس صورت میں انسان فکر و نظر سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے، اس کا اختیار باقی نہیں رہتا، عبرتوں کے دیکھنے سے وہ اندھا اور وعظ و نصیحت سننے سے بہرا بن جاتا ہے۔

غصّے کے آثار و علامات میں سے یہ ہے کہ غصّے کی حالت میں چہرے کا رنگ بدل جاتا ہے، جسم پر رعشہ ہوتا ہے، جسمانی کاموں میں نظم و ضبط باقی نہیں رہتا، اور اعمال و گفتار میں اضطراب مسلّط دکھائی پڑتا ہے، زبان ہرزہ سرائی، گالی گلوچ، بیہودگی پر اتر آتی ہے، دوسروں پر حملہ، لڑائی جھگڑا مار پیٹ کرنے لگتا ہے۔ اسی لئے نبی اکرم صلّی اللہ علیہ و آلہ وسلّم فرماتے ہیں: "الْغَضَبُ يُفْسِدُ الْإِيمَانَ كَمَا يُفْسِدُ الْخَلُّ الْعَسَل"۔

 

📚 الاخلاق، سید عبد اللہ شبّر، بیروت، ص144۔

 

🔰 یعنی ایسی بری صفتوں کے ساتھ قلب نور ایمانی سے منّور رہے ممکن نہیں رہ جاتا ہے؛ جس طریقہ سے شہد کے ساتھ اگر سرکہ ملا دیا جائے تو اس کی شیرینی اور مٹھاس کا مزہ ختم ہوجایا کرتا ہے اسی طرح غیظ و غضب کی صورت میں ایمان کی حلاوت باقی نہیں رہتی ہے۔

غضب
 
▪️اگر غصّے پر قابو نہ رہے تو▪️

 


📍شان و منزلت گھٹتی چلی جاتی ہے:

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 الْغَضَبُ يُرْدِي صَاحِبَهُ وَ يُبْدِي مَعَايِبَه

🔵 غصہ انسان کو پستی میں ڈھکیل دیتا ہے اور اس کے عیبوں کو آشکار کرتا ہے۔

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص302، ح6892، آثار أخرى للغضب

 

📍چھپے ہوئے کینوں کو ہوا مل جاتی ہے

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 الْغَضَبُ يُثِيرُ كَوَامِنَ الْحِقْد

🔵 غصّہ چھپے ہوئے کینے کو بھڑکا دیتا ہے

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص303، ح6897، آثار أخرى للغضب

 

📍سکون ختم ہوجاتا ہے، ہلاکت سر پر ہوتی ہے

 

🌷🌷حضرت امام علی السلام علیہ السلام:

🔴 الغَضَبُ شَرٌّ إن أطَعتَهُ دَمَّرَ

🔵 غصّہ ایسی بری چیز ہے کہ اگر اس کی اطاعت میں آجاؤ تو ہلاک کردیتی ہے۔

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص302، ح6891، آثار أخرى للغضب

 

📍دیوانہ پن کا شکار ہوجاتے ہیں، شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے:

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 إيّاك و الغَضَبَ، فَأوَّلُهُ جُنونٌ و آخِرُهُ نَدَمٌ

🔵 غصّہ سے پرہیز کرو، کیونکہ اس کا آغاز دیوانگی ہے اور انجام شرمندگی۔

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص303، ح6898، آثار أخرى للغضب

 

📍عقل ٹھکانے نہیں رہتی، اچھی بات سمجھ میں نہیں آتی:

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 الغَضَبُ يُفسِدُ الألبابَ، و يُبعِدُ مِن الصَّوابِ

🔵 غصّہ، عقلوں کو تباہ کردیتا ہے اور صحیح راستے سے دور کردیتا ہے

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص65، ح862، الموانع المتفرقة

 

🔴 شدَّةُ الغَضَبِ تُغَيِّرُ المَنطِقَ، و تَقطَعُ مادَّةَ الحُجَّةِ ، و تُفَرِّقُ الفَهمَ

🔵 سخت غصّہ، انداز سخن بدل دیتا ہے، دلیل و حجّت کو جڑ سے کاٹ دیتا ہے، اور فہم و ادراک میں انتشار و تشویش ڈال دیتا ہے۔

 

📚 كنز الفوائد، ج‏1، ص319، فصل من كلامه ع في ذكر الحلم و حسن الخلق

 

لہذا۔۔۔ غصّے میں فیصلہ نہیں کیا  کرتے۔

 

🌷🌷حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم:

🔴 منِ ابْتُلِي بِالْقَضاءِ فَلا یَقْضِي وَ هُوَ غَضْبانٌ

🔵 جو شخص جج اور قاضی ہو اسے غصّے کے عالم میں فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔

 

📚 الكافي (ط - الإسلامية)، ج‏7، ص413، باب أدب الحكم

 

📍سماج کے تانے بانے مشکل کا شکار ہوجاتے ہیں:

 

🌷🌷حضرت امام باقر علیہ السلام:

🔴 أيُّ شَيْ ءٍ أَشَدُّ مِنَ الْغَضَبِ إِنَّ الرَّجُلَ يَغْضَبُ فَيَقْتُلُ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ وَ يَقْذِفُ الْمُحْصَنَة

🔵 غصّے سے بڑھ کر کون سی چیز ہوسکتی ہے؟ جب کوئی شخص غصّے میں ہوتا ہے تو لوگوں کو ناحق موت کے گھاٹ اتار دیا کرتا ہے اور پاکیزہ خواتین پر تہمت لگا بیٹھتا ہے۔

 

📚 الكافي (ط - الإسلامية)، ج‏2، ص303، باب الغضب

 

📍بد اخلاقیاں بڑھتی ہیں، زندگی سخت ہوتی ہے:

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 من أطلَقَ غَضَبَهُ تَعَجَّلَ حَتفَهُ

🔵 جو شخص اپنے غصّہ پر قابو کھو دیتا ہے وہ اپنی موت اور ہلاکت میں جلدی کرتا ہے.

 

📚 تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص303، ح6903، آثار أخرى للغضب

 

📍خلاصہ یہ کہ لاتعداد برائیوں کا سبب ہوتا ہے

 

🌷🌷حضرت امام صادق علیہ السلام

🔴 الْغَضَبُ مِفْتَاحُ كُلِّ شَر

🔵 غصّہ تمام برائیوں کی کنجی ہے

 

📚 الكافي (ط - الإسلامية)، ج‏2، ص303، باب الغضب

 

غضب
 
▪️غصّہ آجائے تو کیا کریں؟▪️

 


📍اس کا علاج کریں، حلم کا شربت لیں

 

🌷🌷حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم:

🔴 يا عليُّ! لا تَغضَبْ، فإذا غَضِبتَ فَاقعُدْ و تَفَكَّرْ في قُدرَةِ الرَّبِّ علَى العِبادِ و حِلمِهِ عَنهُم، و إذا قيلَ لكَ اِتَّقِ اللّه َ فَانبِذْ غَضَبَكَ، و راجِعْ حِلمَكَ۔

🔵 یا علی! غصّہ میں نہ آنا، اور اگر جب بھی غصّہ آجائے تو بیٹھ کر بندوں پر خدا کی قدرت اور اس کے حلم کے بارے میں غور کرو، اور جب کہا جائے خدا سے ڈرو تو غصّہ کو دور پھینک دو اور اپنے حلم کی طرف رجوع کرو۔

 

📚 تحف العقول، ص14، وصية له أخرى إلى أمير المؤمنين ع

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 ضادُّوا الْغَضَبَ بِالْحِلْم

🔵 حلم اور بردباری کے ذریعہ غصّہ کا مقابلہ کرو۔

 

📚تصنيف غرر الحكم و درر الكلم، ص285، فضيلة الحلم و حقيقته

 

📍کھڑے ہوں تو بیٹھ جائیں، اپنی جگہ چھوڑدیں

 

🌷🌷حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ و سلّم:

🔴 إذا غَضِبَ أحَدُكم و هو قائمٌ فَلْيَجلِسْ ، فإن ذَهَبَ عَنهُ الغَضَبُ و إلاّ فَليَضطَجِعْ

🔵 جب بھی تم میں سے کوئی غصّہ میں آئے اگر کھڑا ہے تو بیٹھ جائے، اور اگر پھر بھی غصّہ نہ جائے تو لیٹ جائے۔

 

📚 شرح نهج البلاغة لابن أبي الحديد، ج‏11، ص220، [بيان أحوال العارفين‏]

 

🌷🌷حضرت امام باقر علیہ السلام:

🔴 ایُّما رَجُلٍ غَضِبَ وَهُوَ قائِمٌ فَلْیَجْلِسْ فَاِنَّهُ سَیَذْهَبُ عَنْهُ رِجْزُ الشَّیْطانِ وَاِنْ کانَ جالِسا فَلْیَقُمْ

🔵 جس شخص کو غصّہ آئے جبکہ وہ کھڑا ہو تو فورا زمین پر بیٹھ جائے کیونکہ اس سے شیطانی وسوسہ زائل ہوجاتا ہے اور اگر بیٹھا ہو تو کھڑا ہوجائے۔

 

📚 الأمالي( للصدوق)، ص340، المجلس الرابع و الخمسون

 

📍ہاتھ منھ دھولیں، وضو کرلیں

 

🌷🌷حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ وسلّم:

🔴 إنَّ الغَضَبَ مِن الشّيطانِ، و إنَّ الشيطانَ خُلِقَ مِن النارِ، و إنّما تُطفَأُ النارُ بالماءِ، فإذا غَضِبَ أحَدُكم فَلْيَتَوَضَّأْ

🔵 غصّہ شیطانی کام ہے اور شیطان آگ سے خلق ہوا ہے، اور آگ پانی سے بجھائی جاتی ہے، لہذا جب بھی تم میں سے کوئی غصّہ میں آئے تو وضو کرلے۔

 

📚 بحار الأنوار (ط - بيروت)، ج‏70، ص272، باب 132 ذم الغضب و۔۔۔

 

🌷🌷حضرت رسول خدا صلّی اللہ علیہ و آلہ وسلّم:

🔴 إذَا غَضِبَ أَحَدُكُمْ فَلْيَتَوَضَّأْ وَ لْيَغْتَسِلْ، فَإِنَّ الْغَضَبَ مِنَ النَّار

🔵 جب بھی تم میں سے کسی کو غصّہ آئے تو وضو کرلے، غسل انجام دے لے؛ کیونکہ غصّہ کا تعلق آگ سے ہے۔

 

📚 بحار الأنوار (ط - بيروت)، ج‏70، ص272، باب 132 ذم الغضب

 

📍مصافحہ کریں، معانقہ کریں

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام

🔴 فأَیُّمَا رَجُلٍ مِنْكُمْ غَضِبَ عَلَى ذِی رَحِمِهِ فَلْیَدْنُ مِنْهُ فَإِنَّ الرَّحِمَ إِذَا مَسَّتْهَا الرَّحِمُ اسْتَقَرَّتْ ...

🔵 اگر تم میں کوئی اپنے رشتہ دار سے غصہ میں ہو تو خود کو اس سے قریب کردے؛ کیونکہ رشتہ دار ایک دوسرے سے ملکر سکون پاتے ہیں۔

 

📚 تفسير العياشي، ج‏1، ص217، [سورة النساء(4): الآيات 1 الى 2]

 

📍استعاذہ کریں، خدا کی پناہ میں جائیں

 

🌷🌷حضرت امام صادق علیہ السلام:

🔴 لوْ قَالَ أَحَدُكُمْ إِذَا غَضِبَ أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ ذَهَبَ عَنْهُ غَضَبُه‏

🔵 جب کوئی غصّہ آنے پر اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم کہتا ہے تو اس کا غصہ ختم ہوجاتا ہے

 

📚 الدعوات (للراوندي) سلوة الحزين، ص52، فصل في ألح الدعاء و أوجزه

 

📍خدا کو یاد کریں، اس سے فریاد کریں

 

🌷🌷حضرت امام صادق علیہ السلام:

🔴 أوْحَى اللَّهُ عَزَّ وَ جَلَّ إِلَى بَعْضِ أَنْبِيَائِهِ: يَا ابْنَ آدَمَ! اذْكُرْنِي فِي غَضَبِكَ أَذْكُرْكَ فِي غَضَبِي لَا أَمْحَقْكَ فِيمَنْ أَمْحَق‏

🔵 خدا نے اپنے بعض نبیوں کو وحی کی: اے ابن آدم! اپنے غصّہ کے وقت مجھے یاد کرو تاکہ میں بھی اپنے غضب کے وقت تمہیں یاد رکھوں۔

 

📚 الكافي (ط - الإسلامية)، ج‏2، ص303، باب الغضب

 

🌷🌷حضرت امام صادق علیہ السلام:

🔴 يصَلِّي عَلَى النَّبِيِّ ص وَ يَقُولُ: يُذْهِبْ غَيْظَ قُلُوبِهِمْ، اللَّهُمَّ اغْفِرْ ذَنْبِي وَ أَذْهِبْ غَيْظَ قَلْبِي وَ أَجِرْنِي مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ وَ لَا حَوْلَ وَ لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيم‏

🔵 صلوات کے بعد دعا کریں: بارالہا! میرے گناہوں کو بخش دے، میرے قلب سے غصّہ کو زائل فرما، اور شیطان رجیم سے پناہ عطا کر کہ خدائے متعال کے علاوہ کوئی قدرت اور طاقت نہیں۔

 

📚 مكارم الأخلاق، ص350، في الغضب

 

غضب


▪️غصّہ آتا ہے ▪️


غیظ و غضب ، غصّہ ایسی صفت ہے جس کے سہارے ہی حق کی پاسداری،  اور اپنا دفاع ممکن ہوتا ہے، جس طرح  اگر کوئی بے جا غصّہ کرتا ہے تو وہ شیطانی راہ پر چل پڑتا ہے، اسی طرح جس کے اندر غصّہ کی صفت بالکل ختم ہوجائے تو وہ ذلّت، ناتوانی، بے غیرتی جیسی بری صفتوں کے نشانے پرآجاتا ہے اورغلبہ ، انتقام تو دور  کی بات غلط کاموں پرکچھ بولنے کی ہمّت بھی کھو بیٹھتا ہے۔

 

🔰 وہ غصّہ جو نقطۂ اعتدال سے دور نہیں ہوتا، خدا کی راہ میں اور اس کے لئے ہوتا ہے  اسے محبوب اور ممدوح قرار دیا گیا ہے:

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام:

🔴 و مَنْ شَنِئَ الْفَاسِقِينَ وَ غَضِبَ لِلَّهِ غَضِبَ اللَّهُ لَه‏

🔵 اور جو فاسقوں سے نفرت کرے گا اور  اللہ کے لئے غضبناک ہوگا  تو اللہ اس کی خاطر اس کے دشمنوں پر غضبناک ہوگا۔

 

📚 نهج البلاغة (للصبحي صالح) ، ص 473، حکمت31۔

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام جناب ابوذر کو  خطاب کرکے: 

🔴 يا اَباذَرَ اِنَّكَ غَضِبْتَ لِلّهِ (عزّ وجل) فَارْجُ مَنْ غَضِبْتَ لَهُ اِنَّ الْقَوْمَ خافُوكَ عَلى دُنْياهُمْ وَ خِفْتَهُمْ عَلى دِينِكَ، فَاتْرُكْ فِى اَيديهِمْ ماخافُوكَ عَلَيهِ وَ اهْرُبْ مِنْهُمْ بِما خِفْتَهُمْ عَلَيهِ

🔵 اے ابوذر!بیشک تم خدا ئے عزّوجل کے لئے غضبناک ہوئے لہذا جس کے لئے غضبناک ہوئے اس سے امید وابستہ رکھو ۔ یقینا یہ لوگ تم سے اپنی دنیا  کے سلسلہ میں ڈرے ہوئے تھے اور تمہیں ان سے اپنے دین  کے متعلق خطرہ تھا۔ لہذا جس چیز  پر وہ تم سے خوف میں مبتلا تھے اسے انکے لئے چھوڑ دو اور  جس چیز کے سلسلہ میں تمہیں  ان سے خطرہ ہے اسے بچا کر نکل جاؤ۔

 

📚نهج البلاغة (للصبحي صالح)، ص 188،  خ 130،  و من كلام له ع لأبي ذر رحمه الله لما أخرج إلى الربذة

 

🌷🌷حضرت امام علی علیہ السلام حرام کاموں پر غضبناک نہ ہونے پر فرماتے ہیں:

🔴 و قَدْ تَرَوْنَ عُهُودَ اللَّهِ مَنْقُوضَةً فَلَا تَغْضَبُونَ وَ أَنْتُمْ لِنَقْضِ ذِمَمِ آبَائِكُمْ تَأْنَفُونَ

🔵 تم عہد خدا کو ٹوٹتے ہوئے دیکھ رہے ہو اور تمہیں غصّہ بھی نہیں آتا ہے جبکہ تمہارے باپ دادا کے عہد کو توڑا جائے تو تمہیں غیرت آجاتی ہے۔

 

📚نهج البلاغة (للصبحي صالح)، ص 154، خ106، و منها في خطاب أصحابه

 

 

⚠️ لہذا

 

✔️ غصّہ تو آنا چاہئے

 

💢 غصّہ آنا چاہئے  جب کوئی نبوی اسلام کو اموی اسلام کے خول سے ڈھکنے کی کوشش کرے


💢 غصّہ آنا چاہئے جب یہودی زادوں کی پیروی کرنے والا سچےّ مسلمانوں کو سبائی کہہ کر ہرزہ سرائی کرے

 

💢 غصّہ آنا چاہئے جب ملّت اسلامیہ پر کوئی  حملہ کرتا ہوا نظر آئے

 

💢 غصّہ آنا چاہئے جب دنیا میں کہیں بھی کسی نہتّے انسان پر بزدلانہ وار کیا جائے

 

💢 غصّہ آنا چاہئے جب اللہ کے نام پر کوئی شیطان کا پجاری بن جائے

 

💢 غصّہ آنا چاہئے جب صراط مستقیم پر گامزن افراد کو اپنے غلط اور تعصّبانہ افکار کی بنا  پر بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دے

 

🏴 حالیہ دنوں  میں سرزمین پاکستان "مچھ" میں ایک  وحشیانہ اور انسانیت سے گری ہوئی حرکت سامنے آئی جس نے داعشی، یزیدی، نہروانی اور جاہلی افکار کی مجسّم عکاسی کی  اور عالم اسلام پر ایسا دھبہ لگایا گیا جسے مٹا پانا ممکن نہیں۔ 

ایسے غمناک موقع پر ہم  شہدائے راہ حق کے غمزدہ خانوادوں اور ستمدیدہ اولاد، شیعیان حیدر کرار، علماء  و مراجع کرام خصوصا امام عصر حضرت حجّت عجل اللہ فرجہ الشریف کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اور تمام شیعیان حیدر کرار علیہ السلام کی آواز سے آواز ملاکر اس ظالمانہ اور وحشیانہ قتل عام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

 

 

https://t.me/klmnoor

 

https://www.facebook.com/klmnoor