علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات پر مشتمل۔

علوم آل محمد علیہم السلام، احادیث، مواعظ، دینی معلومات

پیر، 18 فروری، 2019

کہاں قربان ہونا کہاں قربانیاں دینا

🏴 روز وفات حضرت ام البنین (س)

‼️کہاں قربان ہونا کہاں قربانیاں دینا‼️


▫️جب بھی کسی سے بہت زیادہ محبت کا اظہار کیا جاتا ہے تو زبان پر ایک ہی جملہ آتا ہے " آپ پر قربان جاؤں" لیکن جب دل کی گہرائیوں میں اترا جائے تو یہ بس ایک جملہ ہی ہوتا ہے، اپنے کو قربان کرنا بہت مشکل نظر آتا ہے۔ 

▫️خدا کی راہ میں اپنی قربانی پیش کرنا ایک عظیم منزلت ہے اور یہ منزلت بہت آسانی سے ہاتھ نہیں آتی۔۔ مگر یہ کہ انسان خود کو ہر طرح سے سنوار لے۔

▫️انسان جو کہ خرچ کرتے وقت بہت دور تک کی سوچتا ہے۔۔۔ بخل سے کام لیتا ہے۔۔۔، اس کے لئے کتنا سخت ہوگا کہ اپنی محبوب ترین شے یعنی جان، مال، آبرو عزت کو خدا کی راہ میں لٹا دے۔

▫️انسان اس وقت صدق دل سے اپنا فدیہ پیش کرسکتا ہے جب انقطاع کی منزل کو سر کرچکا ہو، اور یہ کوئی آسان کام نہیں، اس کے لئے مناجات شعبانیہ میں معصوم دعا کرتا ہوا نظر آتا ہے «إِلَهِي هَبْ لِي كَمَالَ الِانْقِطَاعِ إِلَيْك‏» امتحان الہی اسی انقطاع الی اللہ میں مضمر ہے۔

▫️مادی دنیا میں کچھ ایسی کشش ہے کہ ہر کوئی بہت جلد اسکے دام میں گرفتار ہوجاتا ہے، جہاں کسی چیز پر نظر پڑی دل مچل گیا؛ کبھی کوئی گھڑی، موبایل، نئی اسٹائل کا لباس، اپنا گھر، اپنا محلہ۔۔۔ اچھی اور بری ہر چیز انسان کو اپنی طرف کھینچ سکتی ہے اور اس سے جدا ہونا سخت مشکل ہوتا ہے۔

▫️ایک صاحب اولاد ماں سے پوچھئے۔۔۔
▪️نازوں کے پالے جگر کے ٹکڑے سے جدا ہونا کتنا سخت ہوتا ہے؟؟؟
▪️اور اگر وہ عظیم فضائل کا حامل بھی ہو!!
▪️ایک نہیں۔۔۔۔ کئی بیٹوں کو بیک وقت خدا کی راہ میں دینا پڑجائے تو؟؟؟

🔘یہیں سے جناب ام البنین کی عظمت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے: جب کاروان حسینی مکہ کی طرف چلنے لگا، اپنے بیٹوں سے فرمایا: «کونوا فدا لاخیکم الحسین» اپنے بھائی حسین (ع) پر فدا ہوجانا۔۔۔۔ کاروان کی واپسی پر بھی وہی ماں۔۔۔ بشیر کے سامنے آتی ہے اور بشیر بیٹوں کی خبر شہادت دینا شروع کرتا ہے، لیکن اس عظیم اور بافضیلت ماں کی زباں ایک ہی فقرہ ہے: حسین کے بارے میں بتاؤ: قَالَتْ: قَدْ قَطَعْتَ نِيَاطَ قَلْبِي ، أَوْلَادِي وَ مَنْ تَحْتَ الْخَضرَاءِ كُلِّھم فِدَاء لِأَبِي عَبْدِ اللَّهِ الْحُسيْنِ عَلَيْهِ السلامُ ، أَخْبِرْنِي عَنِ الْحُسین۔ میرے قلب کی رگوں کو پارہ کرڈالا، میرے بیٹے اور جو بھی دنیا میں ہے سب حسین پر قربان، مجھے حسین کے بارے میں بتاؤ۔

📚تنقيح المقال فى علم الرجال (رحلي)، ج‏3، ص70، ام البنين الكلابية ؛ منتهي الآمال، حاج شيخ عباس قمی، ص 226.

🏴🏴🏴🏴🏴